38

سندھ دیگر صوبوں سے مشاورت کے بعد تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گا: سعید غنی

فوٹو: فائل

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ میں تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ دیگر صوبوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اجلاس میں سیکرٹری اسکولز، سیکرٹری کالجز اور تعلیمی بورڈز کے چیئرمین شریک ہوئے، اجلاس میں کورونا کی صورت حال اور تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس کا مقصد اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے سندھ کا مؤقف طے کرنا ہے، چاہتے ہیں کہ سندھ میں تعلیم سے متعلق اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کووڈ کے کیس بڑھ رہے ہیں اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے، گزشتہ دنوں کے اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو مثبت کیسز کی شرح 3.7 فیصد تک بھی گئی۔

سعید غنی نے بتایا کہ وفاق سرما کی تعطیلات 25 دسمبر سے 10 جنوری تک کرنے کا کہ رہا ہے، اجلاس میں این سی او سی کی تجاویز پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا وفاق کا مؤقف ہے کہ 25 نومبر تا 24 دسمبر تک بچوں کو اسکول کے بجائے گھر پر تعلیم دی جائے، وفاق کا مؤقف ہے کہ والدین اسکولز جا کر اساتذہ سے ہفتہ وار ہوم ورک لیں۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ اجلاس میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا لیکن 23 نومبر تک کے لیے تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیے جانے پر اتفاق ہوا۔



Source link

0/5 (0 Reviews)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں